کامیاب شوہر بننے کے لیئے 10 تجاویز

کامیاب شوہر بننے کے لیئے 10 تجاویز

1۔ شریکِ حیات کے لیئے زیبائش اِختیار کیجیے :
اپنی شریکِ حیات کے لیئے خُوبصورت لباس زیبِ تن کیجیئے ، خُوشبو لگائیے ۔ آپ آخری بار اپنی بیوی کے لیئے کب بنے سنورے تھے؟؟
جیسے مرد چاہتے ہیں کہ اُن کی بیویاں اُن کے لیئے زیبائش اِختیار کریں ، اسی طرح خواتین بھی یہ خواہش رکھتی ہیں کہ اُن کے شوہر بھی اُن کے لیئے زیبائش اختیار کریں ۔ یاد رکھیے کہ اللہ کے رسولﷺ گھر لوٹتے وقت مسواک استعمال کرتے اور ہمیشہ اچھی خُوشبو پسند فرماتے ۔
2 ۔ شریکِ حیات کے لیئے خوبصورت نام کا چناؤ :
اپنی شریکِ حیات کے لیئے خوبصورت نام کا اِستعمال کیجیئے ۔ اللہ کے رسُولﷺ اپنی ازواج کو ایسے ناموں سے پُکارتے جو اُنہیں بے حد پسند تھے ۔
اپنی شریکِ حیات کو محبوب ترین نام سے پُکارئیے، اور ایسے ناموں سے اجتناب کیجیئے جن سے اُن کے جذبات کو ٹھیس پہنچے ۔
3 ۔ خوبیوں کی قدر کیجیے :
اپنی شریکِ حیات سے مکھی جیسا برتاؤ مت کیجیئے ۔ اپنی روزمرہ زندگی میں ھم مکھی کے بارے میں سوچتے بھی نہیں ، یہاں تک کہ وہ ہمیں تنگ کرے ۔ اسی طرح بعض اوقات عورت تمام دن اچھا کام کر کے بھی شوہر کی توجہ حاصل نہیں کر پاتی ، یہاں تک کہ اُس کی کوئی غلطی شوہر کا دھیان کھینچ لیتی ہے۔ ایسا برتاؤ مت کیجیے ، یہ غلط ہے۔ اُس کی خوبیوں کی قدر کیجیئے اور انھی خوبیوں پر توجہ مرکوز کیجیئے ۔
4 ۔ غلطیوں سے صرفِ نظر کیجیے :
اگر آپ اپنی شریکِ حیات سے کوئی غلطی سرزد ہوتے دیکھیں تو درگزر کیجیئے ۔ یہی طریقہ نبی اکرمﷺ نے اپنایا کہ جب آپ ﷺ نے ازواجِ مطہرات سے کچھ غیر موزوں ہوتے دیکھا تو آپ ﷺ نےخاموشی اختیار کی۔ اس اسلوب میں بہت کم مسلمان مرد ہی مہارت رکھتے ہیں۔
5 ۔ شریکِ حیات کو دیکھ کر مسکرائیے :
جب بھی اپنی شریکِ حیات کو دیکھیں تو دیکھ کر مسکرا دیجیے اور اکثر گلے لگائیے ۔ مُسکرانا صدقہ ہے اور آپ کی شریکِ حیات اُمّتِ مسلمہ سے الگ نہیں ہے ۔ تصور کیجیئے کہ آپ کی شریکِ حیات آپ کو ہمیشہ مسکراتے ہوۓ دیکھے تو آپ کی زندگی کیسی گزرے گی ۔ اُن احادیث کو یاد کیجیئے کہ جب رسول اللہﷺ نماز کے لیے جانے سے پہلے اپنی زوجہ کو بوسہ دیتے جبکہ آپﷺ روزہ کی حالت میں ہوتے ۔
6 ۔ شکریہ ادا کیجیے :
وہ تمام کام جو آپ کی شریکِ حیات آپ کے لیے کرتی ہیں ، اُن سب کے لیے اُن کا شکریہ ادا کیجیئے ۔ بار بار شکریہ ادا کیجیئے ، مثال کے طور پر گھر پر رات کا کھانا ۔ وہ آپ کے لیے کھانا بناتی ہے ، گھر صاف کرتی ہےاور درجنوں دوسرے کام ۔ اور بعض اوقات واحد " تعریف " جس کی وہ مستحق قرار پاتی ہے وہ یہ کہ آج سالن میں نمک کم تھا ۔
خدارا ! ایسا مت کیجیئے۔ اُس کے احسان مند رہیے۔
7 ۔ شریکِ حیات کو خوش رکھیے:
اپنی شریکِ حیات سے کہیے کہ وہ ایسی 10 باتوں سے متعلق آگاہ کرے جو آپ نے اُس کے لیے کیں اور وہ چیزیں اُس کی خوشی کا باعث بنیں ۔ پھر آپ ان چیزوں کو اپنی شریکِ حیات کے لیے دہرائیے ۔ ہو سکتا ہے کہ یہ جاننا مشکل ہو کہ کیا چیز اسے خُوشی دے سکتی ہے۔ آپ اس بارے میں خود سے قیاس مت کیجیے، براہِ راست اپنی شریکِ حیات سے معلوم کیجیے اور ایسے لمحوں کو اپنی زندگی میں بار بار دھراتے رہیے .
8 ۔ آرام کا خیال رکھیے :
اپنی شریکِ حیات کی خواہشات کو کم مت جانیں ۔ اسے آرام پہنچائیے ۔ بعض اوقات شوہر اپنی بیویوں کی خواہشات کو حقارت کی نگاہ سے دیکھتے ھیں۔ ایسا مت کیجیے۔
نبیِ اکرم ﷺ نے اس واقعے میں ہمارے لیے مثال قائم کر دی کہ 'حضرت صفیہ(رضی اللہُ عنھا) رو رھی تھیں ، انھوں نے اس کی وجہ یہ بیان کی کہ آپ ﷺ نے انھیں ایک سست رفتار اونت پر سوار کروا دیا تھا ۔ آپ ﷺ نے ان کے آنسو پونچھے ، ان کو تسلی دی اور انہیں( نیا ) اونٹ لا کر دیا .
9 ۔ مزاح کیجیے :
اپنی شریکِ حیات سے مزاح کیجیئے اور اس کا دل بہلائیے ۔ دیکھیے کہ کیسے اللہ کے رسول ﷺ حضرت عائشہ
(رضی اللہُ عنھا) کے ساتھ صحرا میں دوڑ لگاتے تھے۔
آپ نے اس طرح کی کوئی بات اپنی بیوی کے ساتھ آخری مرتبہ کب کیں ؟ ؟
10 - بہتر بننے کی کوشش کیجیے :
ہمیشہ نبی اکرم ﷺ کے یہ الفاظ یاد رکھیے :
'' تُم میں سے بہتر وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے ساتھ بہتر برتاؤ کرنے والا ہے۔اور میں تم سب میں اپنے گھر والوں سے بہترین پیش آنے والا ہوں ''۔
آپ بھی بہتر بننے کی کوشش کیجیے
۔
آخر میں بالخصوص :
اپنی ازدواجی زندگی کو کامیاب بنانے کے لیے اللہ کے حضور دعا کرنا مت بھولیے۔

Reactions